27 فروری 2018 - 17:50
پوری قوم حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف ہم آواز ہے: علامہ راجہ ناصر جعفری

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پنجاب میں احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب بیوررکریسی کی طرف سے ہڑتال کو بلیک میلنگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہڑتال پر جانے والے افسران ریاست کی وفاداری کی بجائے مسلم لیگ نون کی تابعداری کر رہے ہیں

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام آباد( )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پنجاب میں احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب بیوررکریسی کی طرف سے ہڑتال کو بلیک میلنگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہڑتال پر جانے والے افسران ریاست کی وفاداری کی بجائے مسلم لیگ نون کا تابعداری کر رہے ہیں ۔اس طرح کے اقدامات قانون و آئین کی تضحیک اور ریاست سے وفاداری کے منافی ہیں ۔جولوگ خود کو آئین و قانون سے ماورا سمجھتے ہیں انہیں کسی بھی اعلی عہدے پر رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس کے بعد یہ حقیقت کھل کر سامنے آ گئی تھی ریاستی اداروں کے خلاف سازشیں کی گئیں ۔اب عدلیہ کے خلاف نفرت کے برملا اظہار کا مقصد عوام کو اعلی عدلیہ سے بدظن کرنا ہے۔اداروں کے خلاف شکوک و شبہات پیدا کر کے کرپشن پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی حقیقت اب کھل کر سامنے آ گئی ہے۔

پوری قوم حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف ہم آواز ہے اور اس ملک کے لوٹے ہوئے سرمائے کی واپسی چاہتی ہے۔انہوں نے کہا عدلیہ،نیب اور دیگر ریاستی اداروں پر الزام تراشی سے نون لیگ اپنے لیے مشکلات پیداکر رہی ہے۔نون لیگ اپنی مرضی کے جج اور فیصلے چاہتی ہے جو اب ممکن نہیں رہا۔ہر کرپٹ شخص اور اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے والے کوجواب دہ ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم شفاف احتساب کی منتظر ہے۔عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لا کر اسے عوام کی صحت ومعیاری تعلیم اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔پاکستان کے حالات کسی بھی محاذ آرائی کی سیاست کے متحمل نہیں ہے۔سیاست دانوں کو چاہیے کہ وہ اصولی سیاست کو شعار بنائیں اور ریاستی اداروں کو تنقید نشانے بنانے سے گریز کرتے ہوئے انہیں قانون و آئین کے مطابق بغیر کسی دباؤ کے فرائض منصبی کی ادائیگی کرنے دی جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲